Home / Latest Urdu News / Ban ul Aqwami / یورپین اسلامک سنٹر میں چھٹی سالانہ سیرت کانفرنس، علماء مشائخ اور کمیونٹی کی بڑی تعداد میں شرکت

یورپین اسلامک سنٹر میں چھٹی سالانہ سیرت کانفرنس، علماء مشائخ اور کمیونٹی کی بڑی تعداد میں شرکت

یورپین اسلامک سنٹر میں چھٹی سالانہ سیرت کانفرنس، علماء مشائخ اور کمیونٹی کی بڑی تعداد میں شرکت

امت مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، باہمی اختلافات کو بھلا کر محبت کا پیغام عام کرنا ہوگا۔ مہتمم یورپین اسلامک سنٹر مولانا محمد اقبال

اولڈہم( تنویر کھٹانہ/ نوید چوہان) یوکے اسلامک مشن کے زیرانتظام اولڈہم کے یورپین اسلامک سنٹر میں چھٹی سالانہ سیرت کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں مختلف سوچ رکھنے والے علماء اور مشائخ کے علاوہ کمیونٹی راہنماوں اور مرد خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،کانفرنس کے میزبان اور مہتمم مولانا محمد اقبال کا کہنا تھا کہ سیرت کانفرنس کے انعقاد کا مقصد مسلمانوں کے مابین باہمی محبت کا فروغ ہے۔ آپ کسی بھی مکتبہ فکر سے تعلق رکھتے ہوں رسول اللہ کی سیرت سب کے لیے ہی مشعل راہ ہے آج کی کانفرنس کا مقصد حضور کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو شرکاء تک پہنچانا ہے۔انکامزید کہناتھا کہ سیرت کانفرنس کے ذریعے ہم امت مسلمہ اور خصوصاً نوجوان نسل کو دین اسلام اور خاتم النبین صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مطہرہ اپنانے اور اس پر عمل کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت درحقیقت اللہ رب العزت کے کلام قرآن کریم کی سب سے عمدہ اور اعلیٰ ترین تشریح ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ میں معاشرے کی تمام ضروریات اور انسانی زندگی کے تمام شعبوں کے متعلق رہنما اصول موجود ہیں‘ ہمارے دین اسلام کی بنیاد تعلیم ہے اور تعلیم معاشرے کی سب سے بڑی ضرورت بھی ہے‘ اس کانفرنس کے ذریعے ہم مسلمان والدین سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنی اولادوں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لیے انہیں زیور تعلیم سے آراستہ کریں خصوصاً ان کو دینی تعلیم اور عمدہ تربیت فراہم کریں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام اور مشائخ کا کہنا تھا کہ اس وقت دنیا میں قیام امن کیلئے تمام مذاہب کے درمیان باہمی روابط کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں ہماری پیارے نبی حضرت محمدؐ کی سیرت اور انکے بتائے ہوئے احکامات کے عین مطابق عمل کرنے کے ساتھ محبت،امن،بھائی چارے دوسرے مذاہب کا ادب و احترام اور انسانیت کی خدمت کے جذبہ کو پھیلانا مقصود ہونا چاہئے،انہوں نے کہا کہ ہمیں اس وقت بے شمار مسائل کا سامنا ہے انکا واحد حل قرآن مجید کی کی تعلیمات اور سیرت نبیؐ پر عمل ہے،دین اسلام کا مذہب ہے اس کی صحیح تصویر کشی کو غیر مذاہب تک پہنچانے کیلئے فعال کردار ادا کرنے کی اشد ضرورت ہے ہمیں اپنی نوجوان نسل کو اسلامی اقدار سے مکمل آگاہی دینی ہو گی تاکہ وہ دین اسلام کی خدمت آج کے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق کر سکیں اور بہترین معاشرے کا قیام عمل میں لایا جا سکے تاکہ دنیا امن کا گہوارہ بن سکے،حضرت محمدؐ کے بتائے ہوئے احکامات میں سے یہ بھی ہے کہ دوسرے مذاہب کا احترام کیا جائے تاکہ وہ آپکے مذہب کا احترام کریں، کانفرنس سے خطاب کرنے والے علماء میں قاری منظور شاکر، مفتی ہلال محمود، مولانا عبدالشکور قادری، مولانا شمس الرحمن، مولانا حمود الرحمن اور حامد الرحمن فہیم شامل تھے جبکہ یوکے اسلامک مشن کے صدر سکندر مرزا نے کانفرنس میں شرکت کرنے والے علماء مشائخ اور کمیونٹی عمائدین کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقعہ پر مئیر آف راچڈیل کونسلر زمان اور سابق مئیرز آف اولڈہم کونسلر فدا حسین اور کونسلر عتیق الرحمن نے خصوصی شرکت کرتے ہوئے کانفرنس کے انعقاد کو بے حد سراہا۔ یورپین اسلامک سنٹر میں زیر تعلیم بچیوں کے گروپ نے نشید پیش کی جبکہ اولڈہم سے تعلق رکھنے والے نوجوان نعت خوان طلحہ طارق نے نعت رسول مقبول پیش کی۔

About admin

Check Also

بیرون ملک سے ایک سے زائد فون پاکستان لانے پر ٹیکس اور ڈیوٹی ادا کرنے کے حوالے سے کمیونٹی تشویش کا شکار

بیرون ملک سے ایک سے زائد فون پاکستان لانے پر ٹیکس اور ڈیوٹی ادا کرنے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *